Time 10 اگست ، 2024
پاکستان

9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری پر ہائیکورٹ کا اعتراض، کے پی حکومت کا معاملہ دوبارہ کابینہ میں لیجانے کا فیصلہ

9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری پر ہائیکورٹ کا اعتراض، کے پی حکومت کا معاملہ دوبارہ کابینہ میں لیجانے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ علی امین نے کہا ہے کہ انکوائری ہرحال میں ہوگی، معاملہ واپس صوبائی کابینہ میں لےجانےکافیصلہ کیا ہے: ایڈووکیٹ جنرل کے پی 

پشاور: ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل اتمان خیل کا کہنا ہے کہ 9 مئی واقعات پر جوڈیشل انکوائری کی درخواست کا طریقہ کار ٹھیک تھا، پشاور ہائیکورٹ انکوائری نہیں کرنا چاہتی تو انکار کر دے۔ 

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل اتمان خیل نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کے جوابی مراسلےکے بعد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ساتھ مشاورت کی اور معاملہ واپس صوبائی کابینہ میں لےجانےکافیصلہ کیا ہے جبکہ  وزیراعلیٰ نےکہا ہےکہ 9 مئی واقعات کی انکوائری ہر حال میں ہوگی۔

ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ جس طریقہ کارپرجوڈیشل انکوائری کے لیے درخواست دی وہ صحیح تھا لیکن اگر ہائیکورٹ انکوائری نہیں کرنا چاہتی تو انکارکر دے۔ 

شاہ فیصل اتمان خیل نے مزید کہا کہ حکومت نے مجھے ذمہ داری دی تھی کہ عدالت سے بات کروں مگر عدالت نے ہم سے مشورہ نہیں کیا اور جوابی مراسلہ بھیج دیا۔ 

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے 9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری کے لیے پشاور ہائیکورٹ کو خط لکھا تھا جس پر آج ہائیکورٹ نے اپنے جوابی مراسلے میں کہا کہ درخواست کی موجودہ صورت کے پی گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985 کی خلاف ورزی ہے جس کی وجہ سے درخواست کو زیر غور نہیں لایا جا سکتا۔

مزید خبریں :