11 اگست ، 2024
بالی وڈ اداکار جان ابراہم نے ساتھی اداکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگ فٹنس کی بات کرتے ہیں اور پھر پان مصالحہ کی حمایت کرتے ہیں۔
جان ابراہم نے حا ل ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے فلمی ستاروں کی جانب سے مضر صحت پان مصالحہ کی حمایت کے حوالے سے گفتگو کی۔
اداکار نے کہا کہ اگر میں اپنی زندگی ایمانداری کے ساتھ گزارتا ہوں، اس پر عمل کرتا ہوں تو میں ایک رول ماڈل ہوں لیکن اگر میں عوام کے سامنے کچھ اور ان کے پیٹھ پیچھے کچھ اور ہوں تو وہ مجھے پکڑ لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ فٹنس کے بارے میں بات کرتے ہیں اور پھر وہی لوگ پان مصالحہ کی حمایت کرتے ہیں، میں اپنے تمام اداکار دوستوں سے محبت کرتا ہوں اور میں ان میں سے کسی کی بھی بے عزتی نہیں کر رہا لیکن میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں اپنے بارے میں بات کر رہا ہوں، میں موت نہیں بیچوں گا کیونکہ یہ اصول کی بات ہے۔
اداکار نے پان مصالحہ انڈسٹری کا تخمینہ لگاتے ہوئے بتایا کہ انڈسٹری کا سالانہ ٹرن اوور 45 بھارتی کروڑ ہے، جس کا مطلب ہے حکومت کی حمایت بھی حاصل ہے اسی لیے یہ غیر قانونی نہیں ہے اور اسی وجہ سے آپ موت کو بیچ رہے ہو۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ کے نامور اداکاروں نے پان مصالحہ کا اشتہار کیا ہے جن میں اکشے کمار، اجے دیوگن، شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔