11 اگست ، 2024
پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے واحد گولڈ میڈل جیتنے پر چین کے سوشل میڈیا صارفین بھی ارشد ندیم کی تعریف کیے بغیر نا رہ سکے۔
پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے ہیں مگر ان کی جیت کے چرچے ابھی ختم نہیں ہوئے اور دنیا بھر سے ان کے لیے تعریفی پیغامات آرہے ہیں۔
چین کی نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی فتح اور اولمپکس میں سب سے لمبی تھرو پھینکنے کا نیا ورلڈ ریکارڈ بنانے پر چائنیز سوشل میڈیا صارفین نے اپنے پاکستانی بھائی کی تعریف کی اور اس کے لیے خوشی کا اظہار بھی کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ارشد ندیم کی جیت پر چین کے مرکزی ٹیلی ویژن کے ایک کمنٹیٹر نے ارشد ندیم کے تھرو کو جذباتی انداز میں مونسٹر تھرو کہہ کر پکارا جس کے بعد سوشل میڈیا پر ارشد ندیم کے لیے تعریفی کلمات کا سیلاب آگیا۔
ایک صارف نے لکھا "اس نے جیولین کو پر لگا دیے ہیں"، ایک اور صارف نے لکھا "ناقابل یقین، یہ ایک ہیرو ہے"۔
چائنیز سوشل میڈیا صارفین نے سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر “Nadeem surprises his coach’s sunglasses off” کے نام سے ایک ٹرینڈ بھی چلایا جس پر لاکھوں ویوز آئے۔ صارفین نے ٹرینڈ میں حصہ لیتے ہوئے لکھا کہ " کوچ کا ردعمل دلکش ہے، اسے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آرہا"۔
خبر میں ذکر کیا گیا کہ سال 1948 میں اپنے پہلے اولمپکس سے لیکر اب تک پاکستان نے کل 11 میڈل جیتے ہیں جن میں سے 4 گولڈ میڈل ہیں جبکہ پاکستان نے اپنا آخری گولڈ میڈل 1984 میں جیتا تھا اور بلآخر 40 سال ارشد ندیم پاکستان کو دوبارہ گولڈ میڈل جتوانے میں کامیاب ہوئے۔
خیال رہے کہ ارشد ندیم نے جیولین تھرور کے مقابلے میں 92 اعشاریہ 97 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی تھی، پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اکیلے شخص نے ملک کے لیے سونے کا تمغہ جیتا ہے۔