Time 12 اگست ، 2024
کھیل

پیرس اولمپکس کا اختتام :کس ملک نے سب سے زیادہ میڈلز جیتے؟

پیرس اولمپکس کا اختتام :کس ملک نے سب سے زیادہ میڈلز جیتے؟
فوٹو: رائٹرز

 کھیلو ں کا سب سے بڑا میلہ پیرس اولمپکس رنگا رنگ اختتامی تقریب کے ساتھ ختم ہو گیا۔

اولمپک اسٹیڈ ڈی فرانس میں ہونے والی رنگا رنگ اختتامی تقریب میں مختلف ممالک کے ایتھلیٹس اپنے ملک کا پرچم تھامے شریک ہوئے اور مارچ پاسٹ کیا اس کے بعد فنکاروں نے خوب رنگا جمایا۔

پیرس اولمپکس میں 206 ممالک نے حصہ لیا۔اولمپکس مقابلوں کے انعقاد کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے 45 ہزار رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اس کے بعد میوزک کی جھنکار ہوئی ، جس سے اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کے ساتھ ایتھلیٹس بھی خوب محظوظ ہوئے۔

بعد ازاں اسٹیج پر پیرس اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر ٹونی اسٹیگوئٹ اور انٹرنیشنل اولمپک کمٹی کے صدر تھامس بیخ 6 نمایاں ایتھلیٹس کے ساتھ اسٹیج پر آئے۔

اپنے خطاب میں ٹونی اسٹیگوئٹ نے ایتھلیٹ اور تھامس بیخ نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور گیمز کے اختتام کا اعلان کیا ۔

تھامس بیخ نے 2028 اولمپکس کے میزبان لاس اینجلس کی میئر کو اولمپک فلیگ دیا جس کے بعد منفرد انداز میں ہالی وڈ اداکار ٹام کروز کی اسٹیڈیم مٰیں انٹری ہوئی اور وہ اولمپکس فیلگ کے ساتھ روانہ ہوگئے۔

پیرس اولمپکس میں سب سے زیادہ میڈلز کس ملک نے جیتے؟

پیرس اولمپکس میں امریکی ایتھلیٹس چھائے رہے،امریکا نے مختلف کھیلوں میں 40 گولڈ میڈلز حاصل کیے۔

امریکا نے 44 سلور اور 40 کانسی کے تمغوں کے ساتھ مجموعی طور پر 126 میڈلز کے ساتھ گیمز میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

پیرس اولمپکس کا اختتام :کس ملک نے سب سے زیادہ میڈلز جیتے؟
فوٹو: رائٹرز

چین 40 سونے،27 چاندی اور 24 کانسی کے تمغوں کے ساتھ مجموعی طور پر 91 میڈلز حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہا۔

جاپان نے 20 طلائی تمغوں کے ساتھ مجموعی طور پر 45 میڈلز حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 

 پاکستان کے 7 ایتھلیٹس نے گیمز میں حصہ لیا اور ایک گولڈ میڈل کے ساتھ پاکستان 62 ویں نمبر پر رہا۔ یہ میڈل جیولین تھرو میں ارشد ندیم نے حاصل کیا۔

بھارت کا 117 رکنی دستہ گیمز میں 6 میڈلز کے ساتھ 71 ویں نمبر پرآیا۔ بھارت ایک بھی گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب نہیں ہوا۔

پیرس اولمپکس کا اختتام :کس ملک نے سب سے زیادہ میڈلز جیتے؟
فوٹو: اسکرین شاٹ

واضح رہے کہ اولمپکس میں میڈلز ٹیبل پر درجہ بندی گولڈ میڈل کے حساب سے ہوتی ہے۔

اگر کوئی ملک کانسی اور سلور کے 10میڈلز بھی جیت جائے لیکن وہ ایک بھی گولڈ حاصل نہ کرے تو وہ ٹیبل پر ایک گولڈ جیتنے والے ملک سے نیچے ہی رہے گا۔

اگر 2 یا 2 سے زیادہ ممالک کے گولڈ میڈلز کی تعداد ایک جیسی ہو تو پھر درجہ بندی چاندی کے تمغوں کی تعداد سے ہوتی ہے اور اگر چاندی کے تمغے بھی ایک جتنے ہوں تو پھر کانسی کے میڈلز کی بنیاد پر پوزیشن کا تعین ہوتا ہے۔


مزید خبریں :