13 اگست ، 2024
گوگل کی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر کام کرنے والی کمپنی ڈیپ مائنڈ نے ایسا روبوٹ تیار کیا ہے جو ٹیبل ٹینس کے کھیل میں انسانوں کا مقابلہ کرسکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ پہلی بار ہے جب ایک ایسا اے آئی روبوٹ تیار کیا گیا ہے جو امیچور انسانی کھلاڑیوں کا مقابلہ کرسکتا ہے۔
یہ روبوٹ اب تک متعدد انسانوں کا مقابلہ کرچکا ہے اور شوقیہ کھلاڑیوں کو 100 فیصد مقابلوں میں شکست دے چکا ہے جبکہ امیچور کھلاڑیوں کے مقابلے میں 55 فیصد میچز میں فتح حاصل کرچکا ہے۔
البتہ یہ روبوٹ بہترین کھلاڑیوں کا مقابلہ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتا ہے اور ان سے ایک میچ بھی جیت نہیں سکا۔
ایک رپورٹ کے مطابق اس روبوٹ نے ہر طرح کی صلاحیت رکھنے والے انسانی کھلاڑیوں کے مقابلے میں 29 میں سے 13 میچز جیتے ہیں۔
اس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ روبوٹ انسانوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ڈیپ مائنڈ کے مطابق اس روبوٹ کو ٹیبل ٹینس کے اعداد وشمار کے ڈیٹا سے تربیت دی گئی ہے اور اسے بال پوزیشن، اسپیڈ اور دیگر پہلوؤں کے بارے میں تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
اس ڈیٹا سے سسٹم کو متعدد ٹیبل ٹینس تکنیکس سیکھنے کا موقع بھی ملا۔
یہ روبوٹ درست طریقے سے ٹیبل ٹینس میچز کے اصولوں کی نقل کرتا ہے اور اس کی کارکردگی انسانوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہوتی ہے۔
یہ کھلاڑیوں کے انداز اور رویوں کا تجزیہ کرکے اپنے کھیل کو اس کے مطابق بدلتا ہے۔
ڈیپ مائنڈ کے سنیئر عہدیدار Pannag Sanketi کے مطابق روبوٹ ہماری توقعات سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے یہ روبوٹ انسانوں کا مقابلہ کرتا ہے، وہ دنگ کر دینے والا ہے۔