14 اگست ، 2024
پاکستان کی آزادی کے 77 سال مکمل ہونے پر گوگل کا ایک نیا ڈوڈل سامنے آیا ہے۔
خیال رہے کہ گوگل دنیا بھر میں مختلف ممالک کے ثقافتی اور سماجی ایونٹس کے موقع پر دلچسپ ڈوڈلز تیار کرتا ہے۔
پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر گوگل نے جو ڈوڈل تیار کیا ہے اس میں آموں کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔
اس بار گوگل کے ڈوڈل میں پاکستان کا پورا نام سبز رنگ کے باکس میں ہے جبکہ گوگل حروف کے لیے سفید رنگ کا استعمال کیا گیا۔
اسی طرح اوپر پاکستان کا پرچم ڈوڈل کے وسط میں ہے جس کے دائیں بائیں آم موجود ہیں جبکہ ان کے ساتھ آموں کے ٹکڑے نظر آرہے ہیں۔
گوگل کے مطابق پاکستان کے قومی پھل کو اس ڈوڈل کا حصہ بنایا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق آم زمانہ قدیم سے اس خطے کی ثقافت کا حصہ ہیں اور جو آم پاکستان میں اگائے جاتے ہیں وہ اپنے بہترین ذائقے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔
گوگل نے بتایا کہ آموں کو پرجوش جذبات، سخاوت اور امارات کی علامت سمجھا جاتا ہے جن کو دوستوں اور گھر والوں کو تحفے کے طور پر دیا جاتا ہے۔
یہ میٹھا اور نرم پھل پاکستان بھر میں متعدد پکوانوں اور مشروبات کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ گوگل 2011 سے پاکستان کے یوم آزادی پر ڈوڈل بنا رہا ہے، سب سے پہلے اس نے چاند ستاروں اور مینار پاکستان سے سجے سبز رنگ کے ڈوڈل کے ذریعے مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع کیا۔
اسی طرح 2022 میں گوگل نے اپنے ڈوڈل پر پاکستانی پرچم اور کراچی میں واقع فرئیر ہال کی تصویر سجا کر پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔
2023 میں بھی گوگل نے ایک منفرد ڈوڈل تیار کیا جس میں دریائے سندھ کی کی بلائنڈ ڈولفن کو دکھایا گیا جبکہ اس کے نچلے حصے پر سبز رنگ کی پٹی میں گوگل لکھا تھا۔
2024 کے اس ڈوڈل کو سوشل میڈیا کی مختلف ویب سائٹس پر بھی شیئر کیا جاسکتا ہے جس کے لیے دائیں جانب آپشنز موجود ہیں۔