Time 14 اگست ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

گوگل نے جیمنائی اے آئی ماڈل کو اسمارٹ فونز کے متعدد فنکشنز کا حصہ بنا دیا

گوگل نے جیمنائی اے آئی ماڈل کو اسمارٹ فونز کے متعدد فنکشنز کا حصہ بنا دیا
یہ فیچر جلد اینڈرائیڈ صارفین کو دستیاب ہوں گے / فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل کی جانب سے ایک ایونٹ کے دوران پکسل اسمارٹ فونز، ائیر بڈز اور اسمارٹ واچز کو متعارف کرایا گیا۔

مگر میڈ بائی گوگل نامی اس ایونٹ کا اصل اسٹار جیمنائی اے آئی ماڈل تھا جس کے متعدد نئے فیچرز کا اعلان کمپنی کی جانب سے کیا گیا۔

ان میں سے چند نمایاں اور خاص فیچرز کے بارے میں جانیں جو بہت جلد اینڈرائیڈ اسمارٹ فون صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

جیمنائی لائیو

گوگل کی جانب سے اعلان کیے گئے فیچرز میں یہ سب سے اہم ہے۔

یہ درحقیقت اسمارٹ فونز میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی اسسٹنٹ کے طور پر کام کرے گا اور کافی حد تک انسانوں کی طرح کام کرے گا۔

آپ نہ صرف جیمنائی اے آئی سے رسمی کمانڈز کے بغیر بات چیت کرسکیں گے بلکہ گفتگو کے دوران ہی موضوع کو تبدیل بھی کرسکیں گے۔

جیمنائی لائیو کے لیے 10 نئے وائس آپشنز صارفین کو دستیاب ہوں گے جبکہ اسپیج انجن کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

پکسل اسکرین شاٹس

یہ نیا فیچر پکسل 9 سیریز کے اسمارٹ فونز کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اس فیچر کے لیے جیمنائی نانو اے آئی ماڈل کو استعمال کیا جائے گا جو آپ کی تصویر کو خودکار طور پر سرچ ایبل ڈیٹابیس میں تبدیل کردے گا۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ اے آئی ماڈل تصاویر کا تجزیہ اسی طریقے سے کرتا ہے جیسے انسان کرتے ہیں۔

سرچ ایبل ڈیٹا کے ذریعے آپ تصاویر میں مختلف چیزوں کو آسانی سے سرچ کرسکیں گے۔

پکسل اسٹوڈیو

پکسل اسٹوڈیو ایپ سے صارفین اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی تصاویر تیار کرسکیں گے۔

یہ ٹیکسٹ ٹو امیج ٹول جیمنائی نانو کو استعمال کرکے آپ کی ہدایات کے مطابق تصاویر تیار کرے گا۔

اس ایپ میں موجود مینیو سے آپ تصاویر کے اسٹائل کو بھی تبدیل کرسکیں گے، البتہ اس سے انسانی چہروں کو بنوانا ممکن نہیں ہوگا۔

ایڈ می

یہ اے آئی فیچر گروپ فوٹوز تیار کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

اس کے لیے آپ کسی بھی فرد کی الگ سے موجود تصویر کو آسانی سے گروپ کا حصہ بناسکیں گے، آسان الفاظ میں یہ فیچر 2 تصاویر کو ایک تصویر میں بدل دے گا۔

پکسل ویدر

جیمنائی اے آئی ماڈل کو استعمال کرکے آپ اپنے شہر کے موسم کے بارے میں جان سکیں گے۔

جیمنائی ویڈر میں متعدد اے آئی ٹولز صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

مزید خبریں :