15 اگست ، 2024
پیرس اولمپکس 2024 میں دو کانسی کے تمغے جیتنے والی بھارتی شوٹر منو بھاکر کے والد نے بیٹی کی جیولن تھرور نیرج چوپڑا سے شادی کی خبروں پر ردعمل دیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر چاندی کا میڈل جیتنے والے نیرج چوپڑا کی منو بھاکر اور ان کی والدہ سمیدھا بھاکر سے خوشگوار انداز میں ملاقات کی ویڈیوز وائرل ہیں۔
ویڈیوز میں دونوں ایتھلیٹس کو پیرس گیمز کے اختتام پر ہونے والی تقریب میں ساتھ دیکھا گیا۔
ویڈیو میں منو بھاکر کی والدہ نیرج کا ہاتھ پکڑ کر اپنے سر پر رکھتی ہیں اور محبت بھرے انداز میں جولین تھرور سے بات کرتی رہیں۔
ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بننے کے بعد صارفین نے چہ مگوئیاں شروع کردیں کہ دونوں کی شادی ہونے والی ہے اور منو کی والدہ نیرج کو داماد کی شکل میں قبول کر چکی ہیں۔
قیاس آرائیوں نے جب زور پکڑا تو منو بھاکر کے والد رام کشن بھاکر نے ان کا جواب دینا ضروری سمجھا، انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹی کی ابھی شادی کی عمر نہیں ہے۔
رام کشن نے کہا ’ہماری بیٹی منو ابھی شادی کی عمر کو نہیں پہنچی نا ہی ہم ان کی شادی کا سوچ رہے ہیں، ہم منو بھاکر کے کیریئر اور ذاتی ترقی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں‘۔
منو بھاکر کے والد نے ویڈیو کے بارے میں بتایا کہ میری اہلیہ نیرج کو اپنا بیٹا مانتی ہیں، اس لیے دونوں کے درمیان خاص بندھن ہے جبکہ نیرج اور منو کے درمیان کوئی رومانوی تعلق نہیں ہے۔
دوسری جانب نیرج چوپڑا کے چچا نے بھی ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’جس طرح نیرج تمغہ لے کر آئے، پورے ملک کو اس کے بارے میں پتہ چل گیا، اسی طرح جب وہ شادی کریں گے تب بھی سب کو پتہ چل جائے گا‘۔