Time 15 اگست ، 2024
پاکستان

190 ملین پاؤنڈ کیس: نیب تفتیشی افسر پر پانچویں مرتبہ بھی جرح نہ ہوسکی، سماعت ملتوی

190 ملین پاؤنڈ کیس: نیب تفتیشی افسر پر پانچویں مرتبہ بھی جرح نہ ہوسکی، سماعت ملتوی
مجھے سوالنامہ دیا تھا،جیل حکام میرے کمرے سے سارے کاغذات اٹھا کرلے گئے، نیب کے سوالنامے کا جواب تیار کررہی تھی،نیب والے پھر کہتے ہیں یہ شامل تفتیش نہیں ہورہے: بشریٰ بی بی__فوٹو: فائل

راولپنڈی کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور  ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس کی سماعت 17 اگست تک ملتوی کر دی۔

ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، نیب کےتفتیشی افسر میاں عمرندیم پر آج پانچویں مرتبہ بھی جرح نہ ہو سکی۔

وکلا صفائی کی جانب سےسماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی، انہوں نے کہا عدالت نے نیب کی بورڈ میٹنگ سے متعلق ہماری درخواست خارج کی لیکن نقول فراہم نہیں کیں۔

وکلا صفائی کی جانب سے کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہمارے متعدد کیسز ہیں لہذا سماعت ملتوی کی جائے۔

عدالت نے وکلا صفائی کوگزشتہ سماعت کےآرڈرکی مصدقہ کاپی فراہم کرنے کی درخواست منظورکرلی۔

سماعت کے دوران بشریٰ بی بی روسٹرم پر آگئیں اور کہا کہ نیب نے نئے توشہ خانہ کیس میں مجھے سوالنامہ دیا تھا، جیل حکام میرے کمرے سے سارے کاغذات اٹھا کرلے گئے، نیب کے سوالنامے کا جواب تیار کر رہی تھی، نیب والے پھر کہتے ہیں یہ شامل تفتیش نہیں ہو رہے۔

عدالت نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو نیب کے کاغذات بشریٰ بی بی کو واپس کرنے کی ہدایت کردی۔

مزید خبریں :