Time 19 اگست ، 2024
کھیل

سسر کی طرف سے ارشد ندیم کو بھینس ملنے پر بھارتی حریف نیرج چوپڑا نے کیا کہا؟

سسر کی طرف سے ارشد ندیم کو بھینس ملنے پر بھارتی حریف نیرج چوپڑا نے کیا کہا؟
 مقامی میڈیا سے گفتگو کے دوران ارشد کے سسر نے کہا تھا کہ جیت کی خوشی میں وہ اپنے داماد کو دودھ دینے والی بھینس تحفے میں دیں گے/فوٹوفائل

پاکستان کو برسوں بعد پیرس اولمپکس میں تاریخی فتح دلوانے والے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کیلئے جہاں اعلیٰ شخصیات کی جانب سے کروڑوں کے انعامات کا اعلان کیا گیا وہیں ان کے سسر نے تحفے میں انہیں بھینس دینے کا اعلان کیا ہے۔

حال ہی میں مقامی میڈیا سے گفتگو کے دوران ارشد کے سسر نے کہا تھا کہ جیت کی خوشی میں وہ اپنے داماد کو دودھ دینے والی بھینس تحفے میں دیں گے۔

اگرچہ دیہی علاقوں میں اس تحفے کو  روایتی طور پر اعزاز سمجھا جاتا ہے لیکن اس اعلان پر ارشد بھی ازراہ مذاق سسر سے 5 ایکڑ زمین کی خواہش کرچکے ہیں۔

اس دوران جیولین تھرو کے مقابلے میں ارشد کے حریف بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے بھی ارشد کو بھینس کا تحفہ ملنے پر اپنے ردعمل کااظہار کیا ہے۔

بھارتی میڈیا سے ورچوئل گفتگو میں نیرج نے ارشد کو بھینس کا تحفہ ملنے پر کہا کہ میرے لیے ایسے تحائف نئے نہیں ہیں، مجھے ایک بار دیسی گھی تحفے میں دیا گیا تھا۔

نیرج چوپڑا کے مطابق ’ اولمپک مقابلوں کے بعد ہریانہ میں گھر واپسی پر ہمیں بھی ایسے تحائف مل چکے ہیں جیسے 10 کلو دیسی گھی ، 50 کلو دیسی گھی یا پھر لڈو، میرے لیے بھی مقابلوں سے قبل ایسے اعلانات سامنے آئے کہ اگر نیرج یہ مقابلہ جیتتا ہے تو  اسے 50 کلو گھی دوں گا حتیٰ کہ میں یہ باتیں بچپن سے ہی سنتا آیا ہوں‘۔

نیرج  چوپڑا کا کہنا تھا کہ ’ جس شہر میں بڑا ہوا وہاں کبڈی اور ریسلنگ جیسے کھیل  بہت مشہور ہیں،یہی وجہ ہے کہ وہاں گھی تحفے میں دیا جاتا ہے کیونکہ ہمارے لوگوں کا ماننا ہے کہ گھی طاقت بڑھاتا ہے، ہمارے علاقے میں بھی بھینسیں تحفے میں دی جاتی ہیں، اسی طرح پہلوانوں اور کبڈی کے کھلاڑیوں کو  بلٹ موٹر سائیکل یا ٹریکٹر تحفے میں دیے جاتے ہیں‘۔


مزید خبریں :