15 فروری ، 2013
اسلام آباد… اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی گاڑی کی ٹکرسے ایک نوجوان جاں بحق اوردوسرا زخمی ہوگیا۔ پولیس نے امریکی سفارت کار کیخلاف دفعہ 320 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ حادثہ مارگلہ روڈ پر پنجاب ہاوٴس کے سامنے پیش آیا جہاں امریکی سفارت کار کی گاڑی نے موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ موٹر سائیکل پر سی ڈی اے کے ملازم شوزب رضا اور مزمل شاہ سوار تھے جو شدید زخمی ہوگئے۔ دونوں پارلیمنٹ لاجز میں ڈیوٹی کرکے واپس جا رہے تھے۔ موقع پر موجود لوگوں نے گاڑی کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو پولی کلینک اسپتال پہنچایا گیا جہاں مزمل شاہ زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہوگیا۔ اس کی میت لواحقین کے حوالے کردی گئی ہے۔ تھانا سیکریٹریٹ پولیس نے امریکی اہل کار کے خلاف واقعے کا مقدمہ دفعہ 320 کے تحت درج کرلیا ہے۔ زیر حراست امریکی اہل کار کو طبعیت خراب ہونے پر نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اہل خانہ کے مطابق مزمل شاہ تقریباً چھ سال سے سی ڈی اے میں ملازم تھا اور اس کی سات سال کی بیٹی بھی ہے۔