20 اگست ، 2024
کراچی کے اکثر علاقوں میں آج صبح سویرے بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہے گا، صبح کے وقت کراچی کا درجہ حرارت 28 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری تک جاسکتا ہے جب کہ شہر میں 20کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آج سندھ کے بیشتر ساحلی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق بحیرہ عرب سےآنے والے بادلوں کے باعث گزشتہ رات اور صبح ہلکی بارش ہوئی، مزید بادل شہر کی طرف بڑھ رہے ہیں، کراچی کےجنوبی علاقوں میں مزید بوندا باندی یا ہلکی بارش متوقع ہے۔
ادھر ٹنڈو آدم میں روہڑی کنال میں پڑنے والے شگاف اور موسلادھار بارش کے بعد سیلاب سے متعدد گاؤں ڈوب گئے۔
ضلع جامشورو کی تحصیل سیہون میں کچے کے متعدد دیہاتوں میں کھڑی فصلوں میں پانی داخل ہوگیا جب کہ رابطہ سڑکیں بھی زیر آب آ گئیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی بلوچستان میں دوسرا طاقتور مون سون سسٹم موجود ہے جس کے تحت مزید بارشیں ہو سکتی ہیں۔