20 اگست ، 2024
کراچی کے عمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات کی ادائیگیوں کا حوالہ ہنڈی کے ذریعے انکشاف ہوا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اس سلسلے میں خفیہ اطلاع پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے ٹریول ایجنسی کے دفتر پر چھاپہ مارا اور حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم عبدالجبار کو گرومندر سے گرفتار کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم ٹریول ایجنسی کی آڑ میں غیرقانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں ملوث پایا گیا، ملزم عمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات کی ادائیگیاں بھی حوالہ ہنڈی کے ذریعے کرتا تھا۔
ترجمان کے مطابق چھاپے کے دوران ملزم سے 63 لاکھ 80 ہزار سے زائد پاکستانی روپے، 6355 امریکی ڈالر اور 176250 عراقی دینار برآمد ہوئے جب کہ ملزم کے موبائل فون سے رقوم سعودی عرب منتقل کرنے کے پیغامات بھی ملے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا، حوالہ ہنڈی سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔