Time 20 اگست ، 2024
پاکستان

کراچی والوں پر ایک اور بوجھ، واٹر بورڈ نے پانی کی قیمت بڑھادی

کراچی والوں پر ایک اور بوجھ، واٹر بورڈ نے پانی کی قیمت بڑھادی
سیوریج بلوں میں 14فیصد اور پانی کے نرخوں میں 9 فیصد اضافہ کیا گیا: ذرائع/ فائل فوٹو

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے سیوریج بلوں اور  پانی کے نرخوں میں مجموعی طور پر 23 فیصد اضافہ کردیا۔ 

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا پانچواں اجلاس میئر کراچی و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت چیئرمین سیکرٹریٹ کارساز میں ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیوریج بلوں میں 14فیصد اور پانی کے نرخوں میں 9 فیصد اضافہ کیا گیا تاہم عوامی ردعمل سے بچنے کے لیے واٹر بورڈ نرخوں میں اضافے کو خفیہ رکھا گیا ہے۔

بورڈ کے اجلاس میں چوتھی بورڈ میٹنگ کے منٹس کی منظوری، بورڈ کے سابقہ فیصلے کی پیشرفت، مالی سال 25-2024کےلیے  واٹر کارپوریشن کے 46.259 بلین روپے سالانہ بجٹ کی منظوری، ریٹیل اور  بلک صارفین کے لیے واٹر اور سیوریج چارجز کی تجویز کردہ شرح کی منظوری دی گئی۔ 

اجلاس میں  واٹر کارپوریشن ریگولیشنز 2024 میں زیر زمین پانی نکالنے سمیت اس کے استعمال اور انتظام میں ترمیم کی منظوری دی گئی جب کہ  65 ایم جی ڈی اضافی واٹر سپلائی کے تحت ہائی پوائنٹ فور بے فیز ون کو ختم کرنے کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ 

اجلاس میں پاکستان اسٹیٹ آئل سے 3 سال کی مدت کےلیے فیول سروس کی فراہمی اور کے فور منصوبے کے قریب مخصوص یونٹ کےلیے لیز کے معاہدے کی منظوری دی گئی جب کہ واٹر کارپوریشن کے ایکٹ 2023 کے مطابق پوسٹوں کی تخلیق اور کنسلٹنٹس کی تقرری سمیت مختلف عہدوں کے ناموں کی تبدیلی کی منظوری بھی دی گئی۔

مزید خبریں :