20 اگست ، 2024
کراچی: منکی پاکس وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں ائیرپورٹس کیلئے نئی گائیڈ لائن جاری کردی گئیں۔
گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہےکہ سول ایوی ایشن پروازوں اور مسافروں سے متعلق تمام ایس او پیز پر عمل کرائے گا، تمام ائیرلائنز، اسٹاف اور گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنیز ایس او پیز پر عمل درآمد کی پابند ہوں گی۔
گائیڈ لائنز کے مطابق ائیرپورٹس پر محکمہ بارڈر ہیلتھ سروسز مسافروں کی اسکریننگ، آئسولیشن اقدامات پر عمل درآمد کرائے گا جب کہ بیرون ملک سے پاکستان آنے والی پروازوں کے عملے کی بھی اسکریننگ لازمی قرار دی گئی ہے۔
گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہےکہ اے ایس ایف ائیرپورٹس پر قائم آئسولیشن ایریاز پر سکیورٹی فراہم کرے گا، ایف آئی اے امیگریشن مسافروں کی تفصیل فراہم کرنے کا پابند ہوگا اور ایف آئی اے ہیلتھ کلیئرنس کے بغیر غیر ملکی کو آن آرئیول ویزا جاری نہیں کرے گا۔
گائیڈ لائنز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے مسافروں کی معلومات ہیلتھ اتھارٹیز کو فراہم کرنے کا پابند ہوگا، مسافروں کے لگیج سے متعلق کسٹم کو ہیلتھ حکام سے کلیئرنس لازمی لینا ہوگی۔
گائیڈ لائنز کے مطابق درآمد اشیاء کی چیکنگ کے لیے کسٹم کے ہمراہ بارڈر ہیلتھ حکام جانچ پڑتال کرسکتے ہیں، پاکستان آنے والے مسافروں کی ائیرپورٹس پر تھرمل اسکریننگ ہوگی اور ہوائی جہازوں کو لازمی ڈس انفیکٹ کیا جائے جب کہ تمام ائیرلائنز اپنے مسافروں کو ماسک فراہم کرنے کا پابند ہوگا۔