Time 20 اگست ، 2024
دنیا

برطانیہ میں حالیہ فسادات کے بعدگرفتار افراد کی وجہ سے جیلوں میں جگہ مزیدکم پڑگئی

برطانیہ میں حالیہ فسادات کے بعدگرفتار افراد کی وجہ سے جیلوں میں جگہ مزیدکم پڑگئی
جیلوں میں جگہ نہ ہو نے کے باعث پیشی کے منتظر قیدیوں کو پولیس سیل میں رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے،فوٹو: فائل

برطانیہ میں حالیہ فسادات کے بعد گرفتار  افراد کی وجہ سے پہلے سے بھری ہوئی جیلوں میں جگہ مزید کم پڑگئی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق حکومت نے قیدیوں کی تعداد کم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں تاکہ حالیہ فسادات میں سزا پانے والے قیدیوں کو  جیلوں میں رکھا جاسکے۔

رپورٹ کے مطابق  جیلوں میں جگہ نہ ہو نے کے باعث پیشی کے منتظر قیدیوں کو پولیس سیل میں رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جیلوں میں جگہ بنانے کے لیے’آپریشن ارلی ڈان ‘شروع کردیا گیا ہے۔ برطانوی  وزیر جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ ہنگامی اقدامات سے جیلوں پر پڑنے والے دباؤ کو سنبھالنے میں مدد ملے گی۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ ہی حکومت نے فیصلہ کیا  تھا کہ جیلوں میں مزید قیدیوں کی گنجائش پیدا کرنے کے لیے ستمبر سے قیدیوں کی قبل از وقت رہائی کا عمل شروع کیا جائےگا۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ انگلینڈ اور ویلز کی جیلوں میں مزید صرف 700 مرد قیدیوں کی گنجائش باقی ہے۔ حکومتی منصوبے کے مطابق جیلوں میں جگہ بنانے کے لیے حکومت نے 40 فیصد سزا کاٹنے والے قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کیا تھا۔  ابتدائی طور  پر تقریباً ساڑھے 5 ہزار قیدی رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

یہ فیصلہ بھی کیا گیا تھا کہ سنگین اور جنسی جرائم میں سزا پانے والے قیدی اس رعایت سے مستفید نہیں ہوسکیں گے۔

 خیال رہےکہ  رواں ماہ ساؤتھ پورٹ واقعے کے بعد انگلینڈ میں ہونے والے فسادات میں تقریباً 1ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :