15 فروری ، 2013
اسلام آباد…سندھ ،بلوچستان ،پنجاب ،خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش سے سرد ی بڑھ گئی ہے ،بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔سندھ کے علاقوں جیکب آباد،سکھر ،خیرپور،ہنگورجہ،دادو،میہڑاور جوہی میں بارش برستے ہی سردی لوٹ آئی ہے اور موسم ایک بار پھر سرد ہوگیا ہے۔ فیصل آباد اور گردنواح میں بھی بارش سے موسم ٹھنڈا ہوگیا ہے اور گرم کپڑے پھر نکل آئے ہیں۔گلگت بلتستان کے علاقے غذر،استور،دیامر اور ہنزہ نگر کے پہاڑوں پر رات سے ہی برفباری جاری ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔مالاکنڈ ڈویڑن کے بالائی علاقوں مالم جبہ ،کالام اور چترال میں وقفے وقفے سے ہلکی برفباری جاری ہے ،سوات شہر اور گردنواح میں بارش ہو رہی ہے۔بلوچستان کے علاقوں حب ،چمن ،پشین،قلعہ عبداللہ سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش جبکہ زیارت،کان مہتر زئی ،توبہ اچکزئی اور کوڑک ٹاپ پر رات سے وقفے وقفے سے برفباری ہورہی ہے۔