Time 22 اگست ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی کا جلسے کا اعلان، اسلام آباد اور راولپنڈی کے داخلی راستے بلاک، اسکولوں میں تعطیل

پی ٹی آئی کا جلسے کا اعلان، اسلام آباد اور راولپنڈی کے داخلی راستے بلاک، اسکولوں میں تعطیل
پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسوں اور دھرنوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ فوٹو جیو نیوز

پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے جڑواں شہروں کے داخلی راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے ہیں۔

راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کو ترنول کے مقام پر جلسہ کرنے کا اجازت نامہ منسوخ کر دیا تھا۔

راولپنڈی کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کی ٹیم پاکستان میں موجود ہے اور راولپنڈی میں ٹیست میچ کھیلا جا رہا ہے، سکیورٹی کے شدید خدشات ہیں جس کی وجہ سے جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

گزشتہ روز پنجاب حکومت نے بھی صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسوں اور دھرنوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔

جبکہ پی ٹی ٹی آئی کے جلسے اور ایک مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث اسلام آباد کی انتظامیہ نے ایک روز کے لیے اسکولوں کی چھٹی کر دی تھی۔

پہلے تحریک انصاف نے ہر صورت راولپنڈی میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا تاہم اب جلسے کو مؤخر کردیا گیا ہے۔

مقامی انتظامیہ نے روات ٹی چوک کے مقام پر اسلام آباد اور راولپنڈی کا داخلی راستہ کنٹینر لگا کر بند کردیا ہے، راستے کی بندش کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظرسکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور ریڈ زون سیل ہے، اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں اور  ڈی چوک بھی کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے، مارگلہ ایونیو جی ٹی روڈ سے بند کردیا گیا ہے جبکہ ریڈ زون میں داخلے کیلئے صرف مارگلہ ایوینو کھلا ہوا ہے۔

لاہور میں بھی ٹھوکر نیاز بیگ سے موٹروے کو جانے والے راستے پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے، پریژن وین بھی ٹھوکر نیاز بیگ پہنچا دی گئی اور گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔

پی ٹی آئی کے جلسے اور  راستوں کی بندش کے پیش نظر ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی ہفتہ وار بریفنگ منسوخ کر دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے گزشتہ روز اپنے بیان میں راولپنڈی کی انتظامیہ کا جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کل ترنول چوک پر جلسہ ہوگا اور ہرحال میں ہوگا۔

علی امین گنڈا پور نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ جلسے کی این او سی عدالت نے دی تھی جو کمشنر نےمعطل کر دی، وفاقی حکومت کی فسطائیت، جبر اور غیر قانونی اقدامات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

مزید خبریں :