22 اگست ، 2024
گوگل کی جانب سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو اینڈرائیڈ ڈیوائسز اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر کروم صارفین کو تمام گوگل اکاؤنٹ ڈیٹا تک رسائی میں مدد فراہم کرے گا۔
یہ فیچر آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے بھی متعارف کرانے کا اعلان کچھ عرصے قبل کیا گیا تھا۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنے محفوظ پاس ورڈز، ویب ایڈریسز، شیئرنگ ٹیبز اور براؤزنگ سرگرمیوں تک رسائی مختلف ڈیوائسز میں حاصل کرسکیں گے۔
اس طرح گوگل کروم آئی او ایس، اینڈرائیڈ اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر سنگل یونیفائی براؤزر کے طور پر کام کرے گا، مگر ایسا اسی وقت ممکن ہوگا جب آپ اجازت دیں گے۔
کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ گوگل کروم پر سائن ان ہونے کے بعد آپ اپنے گوگل اکاؤنٹ میں محفوظ تمام پاس ورڈز، ایڈریسز اور دیگر ڈیٹا تک رسائی مختلف ڈیوائسز میں حاصل کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اگر آپ سفر کے دوران کسی نئے فون میں سائن ان ہوتے ہیں تو تمام ڈیٹا تک رسائی اس فیچر سے ممکن ہو جائے گی۔
اوپن ٹیبز اور براؤزنگ ہسٹری کے لیے اکاؤنٹ synchronization کا فیچر خودکار طور پر ان ایبل نہیں ہوگا بلکہ آپ کو ایسا کرنا ہوگا۔
کمپنی کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ اینڈرائیڈ اور ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے یہ فیچر کب تک متعارف کرایا جائے گا۔
اس کا کہنا تھا کہ یہ فیچر بہت جلد صارفین کو دستیاب ہوگا۔