23 جولائی ، 2024
گوگل نے کروم ویب براؤزر میں تھرڈ پارٹی کوکیز کے استعمال کو نہ روکنے کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ جنوری 2024 میں گوگل کروم میں 4 جنوری سے ویب سائٹس کو تھرڈ پارٹی کوکیز کے استعمال سے روکنے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔
ویب سائٹس کی جانب سے تھرڈ پارٹی کوکیز کو استعمال کرکے لوگوں کے آن لائن رویوں کو ٹریک کیا جاتا ہے اور اس کی بنیاد پر اشتہارات دکھائے جاتے ہیں۔
اس وقت کمپنی نے بتایا تھا کہ 2024 کے اختتام تک یہ فیچر تمام کروم صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔
مگر اب ایک بلاگ پوسٹ میں گوگل کی جانب سے اس فیچر پر عملدرآمد روکنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب صارفین کے لیے ایک نئی تبدیلی کی جائے گی۔
کمپنی کے مطابق اس تبدیلی کے تحت صارفین کو ویب براؤزنگ کوکیز کے لیے انتخاب کرنے کا موقع ملے گا۔
گوگل نے بتایا کہ تھرڈ پارٹی کوکیز کو ختم کرنے سے آن لائن پبلشرز اور اشتہاری کمپنیوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
گوگل پرائیویسی سینڈ باکس پراجیکٹ کے سربراہ انتھونی شاویز نے بتایا کہ ہم صارفین کے لیے ترجیحی انتخاب کی پالیسی کو تجویز کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تھرڈ پارٹی کوکیز کو ختم کرنے کی بجائے ہم صارفین کو موقع دیں گے کہ وہ اپنی پسند کا انتخاب کسی بھی وقت کرسکیں، ہم نے اس بارے میں ریگولیٹرز سے بھی مشاورت کی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اب صارفین کو براؤزنگ ڈیٹا پر زیادہ کنٹرول فراہم کیا جائے گا خاص طور پر کروم میں آئی پی پروٹیکیشن جسیے پرائیویسی کنٹرولز کا اضافہ کیا جائے گا۔
دنیا بھر میں گوگل کروم سب سے زیادہ استعمال ہونے والا ویب براؤزر ہے اور 63 فیصد صارفین براؤزنگ کے لیے اسے ترجیح دیتے ہیں۔
ویب براؤزنگ کے دوران ویب سائٹس کی جانب سے چھوٹی ٹیکسٹ فائلز کی شکل میں کوکیز کو صارف کے فون اور کمپیوٹر پر اسٹور کیا جاتا ہے تاکہ اس کے آن لائن رویوں کا علم ہوسکے، جس کے مطابق اشتہارات دکھائے جاتے ہیں۔
سفاری، فائر فوکس، مائیکرو سافٹ ایج اور دیگر میں تھرڈ پارٹی کوکیز کو بلاک کرنے کا فیچر کافی عرصے سے موجود ہے۔
مگر اب گوگل نے کروم میں اسے شامل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔