Time 22 اگست ، 2024
پاکستان

رانی پور: پیر کی حویلی میں قتل فاطمہ کے والد کے بیان میں پیسوں کی لین دین کا ذکر

خیر پور: رانی پور میں پیر کی حویلی میں ماری جانے والی فاطمہ کی ماں کی جانب سے ملزمان کو بیان حلفی میں بے گناہ قرار دیے جانے کے معاملے میں نیا موڑ آگیا۔ 

کمسن فاطمہ کے والد کے ویڈیو بیان میں پیسوں کی لین دین کی بات چیت سامنے آگئی۔

 مقتولہ کے والد سے سوال کیا گیا کہ آپ کو پیسوں وغیرہ کی آفر ہوئی ہے؟ مقتولہ کے والد نے کہا کہ ایک صاحب نے ہمیں کہا امانت اسکول کے مالک کے پاس پڑی ہے انہیں یہ نہیں پتا کہ یہ ایک لاکھ ہیں یا دولاکھ ہیں۔ 

والد نے کہا کہ ہمارے سب عزیز رشتے دار بیانات سے مکر گئے ہیں، وہ پیروں کے خاص آدمی ہیں، پیسے دیے، سب کچھ دیا ہے۔

بچی کی والدہ نے اپنی بچی کی موت کو طبعی اور گرفتار ملزمان کو بے گناہ قرار دیا تھا اور عدالت میں حلف نامہ بھی جمع کروا دیا تھا۔ 

حلف نامے میں بچی کی والدہ نے کہا کہ گرفتار افراد بے گناہ ہیں، اگر عدالت گرفتار ملزمان کو ضمانت دے تو کوئی اعتراض نہیں۔ 

خیال رہےکہ اگست 2023 میں پیر کی حویلی میں کمسن فاطمہ کے تڑپنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، بچی کی ہلاکت کے بعد ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد اور زیادتی بھی ثابت ہو چکی، مقدمے کے اندراج کے بعد پیر اسد اللہ شاہ، پیر فیاض شاہ، حنا شاہ اور امتیاز نامی ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔


مزید خبریں :