Time 23 اگست ، 2024
پاکستان

’ملاقات کسی کے کروانے سے ہی ہو سکتی ہے‘ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں ملاقاتوں پر حکومتی ردعمل

’ملاقات کسی کے کروانے سے ہی ہو سکتی ہے‘ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں ملاقاتوں پر حکومتی ردعمل
فوٹو: فائل

اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے پارٹی رہنماؤں کی غیر معمولی ملاقات پر حکومتی ردعمل آگیا۔

وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ صبح 7 بجے ملاقات ہونا معمول سے ہٹ کر ہے، یہ ملاقات کسی کے کروانے سے ہی ہو سکتی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جیل کے حوالے سے پی ٹی آئی کا سارا پراپیگنڈہ زمین پر آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گنڈاپور جو کہتے ہیں اور جو کرتے ہیں ہمیں معلوم ہے وہ اجازت سے کرتے ہیں۔

پروگرام میں گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے راناثنا اللہ نے کہا کہ بلاول کی وزیراعظم سےملاقات خوشگواررہی۔

انہوں نے کہا کہ متعدد معاملات طے ہوگئے ہیں، بقیہ معاملات پر اگلے ہفتے ملاقات ہوگی۔

وزیر اعظم کے سیاسی مشیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان ایک ملاقات اتوار کو گورنر ہاؤس میں ہوگی۔

یاد رہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی رابطہ کمیٹیوں کا اجلاس اتوار کو گورنر ہاؤس لاہور میں بلا لیا گیا ہے۔

وزیراعظم سے ملاقات میں پیپلز پارٹی نے شکوہ کیا ہے کہ پنجاب حکومت میں پیپلز پارٹی کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کے وفد میں شیری رحمان، نوید قمر اور راجہ پرویز اشرف شامل تھے جبکہ مسلم لیگ ن کی طرف سے اسحاق ڈار اور رانا ثنا اللہ بھی ملاقات میں شامل تھے۔

مزید خبریں :