Time 23 اگست ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی جلسہ منسوخی، خیبرپختونخوا حکومت نے علیمہ خان کے دعوؤں کے برعکس بیان دے دیا

پی ٹی آئی جلسہ منسوخی، خیبرپختونخوا حکومت نے علیمہ خان کے دعوؤں کے برعکس بیان دے دیا
فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا حکومت کے مشیراطلاعات بیرسٹر سیف نے پارٹی رہنما اعظم سواتی اورعلیمہ خان کے دعوؤں کے برعکس بیان دے دیا۔

جیونیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ جلسہ منسوخی کیلئے بانی پی ٹی آئی نے نہیں بلایا۔

انہوں نے کہا کہ رات گئے پشاور میں مرکزی قیادت نے حکومت سے تصادم کے خدشے پر یہ فیصلہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی جائے، صبح کو بیرسٹر گوہر اور اعظم سواتی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے گئے، جس کے بعد بانی پی ٹی آئی نے جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ علیمہ خان کو اگر کسی چڑیا نے بتایا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے یہ ملاقات کروائی تھی تو اس کا جواب وہ خود دیں گی، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا فیصلہ پارٹی کا تھا۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جلسہ ملتوی کرنے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان پی ٹی آئی رہنماؤں پر برس پڑی تھیں۔

علیمہ خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر الزام لگایا کہ کسی کا ارادہ ہی نہیں کہ عمران خان کو جیل سے باہر نکالا جائے۔

علیمہ خان نے کہا کہ انہیں اسٹیبلشمنٹ نے ہی بھیجا ہے، اعظم سواتی صبح ساڑھے 7 بجے بانی پی ٹی آئی سے ملنے کیوں گئے؟ یہ ایک سوال ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کو کس نے بھیجا تاکہ بانی پی ٹی آئی کو کہہ سکیں کہ ہم جلسہ ملتوی کر رہے ہیں، ہمیں آپ کے نام پر جلسہ ملتوی کرنا ہے، اعظم سواتی صبح ملنے کیلئے گئے کیسے؟ انہیں اجازت کیسے مل گئی؟

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ وہ کئی بار کہہ چکی ہیں کہ یہ جیل میں بیٹھے ہوئے بانی پی ٹی آئی سے پوچھ کیوں رہے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین تو باہر بیٹھے ہوئے ہیں، جب ان کا دل کرتا ہے تو یہ خود فیصلے کرتے ہیں لیکن عمران خان کو نکالنے کی بات آتی ہے تو یہ اس سے پوچھنے بیٹھ جاتے ہیں۔

مزید خبریں :