24 اگست ، 2024
کراچی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کی فضائی حدود سےگزرتے ہوئے روایت کے برعکس پاکستانی عوام اور حکومت کو خیرسگالی کا کوئی پیغام نہیں دیا۔
خیال رہےکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے طیارے کی جانب سے پولینڈ سے بھارت واپسی پر پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع سول ایوی ایشن کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پولینڈ سے نئی دہلی جا رہے تھےکہ طیارہ صبح سوا 10 بجے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا اور 11 بج کر ایک منٹ پر بھارت میں داخل ہوا۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ بھارتی وزیراعظم کا طیارہ 46 منٹ تک پاکستان کی حدود میں رہا، بھارتی وزیراعظم کا طیارہ چترال کے اوپر سے پاکستان کی حدود میں داخل ہوا اور اسلام آباد اور لاہور کے ائیر کنٹرول ایریا سےگزرا۔
سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کا طیارہ لاہور سے ہوتا ہوا امرتسر میں داخل ہوا۔
ذرائع سول ایوی ایشن کے مطابق بھارتی وزیراعظم نے روایت کے برعکس پاکستانی عوام اور حکومت کو خیرسگالی کا پیغام نہیں دیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ کسی دوسرے ملک کی فضائی حدود سےگزرتے ہوئے غیر ملکی سربراہ کا خیرسگالی کا پیغام دینا روایت ہے، غیرملکی سربراہ دوران پرواز خیرسگالی کے پیغامات پائلٹ کے ذریعے ائیرٹریفک کنٹرولر کو بھیجتے ہیں۔