پاکستان

بھارت میں ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کرگیا، منگل سے کراچی میں موسلادھار بارش کا امکان

بھارت میں ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کرگیا، منگل سے کراچی میں موسلادھار بارش کا امکان
یہ اسپیل اب تک کے مون سون سیزن کا سب سے طاقتور اسپیل ثابت ہو سکتا ہے: موسمیاتی تجزیہ کار اویس حیدر/ فائل فوٹو

ماہرین موسمیات نے پیر سے کراچی میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی بھارت پر موجود طاقتور ہوا کا کم دباؤ مزید شدت اختیار کرگیا، سسٹم ڈپریشن کی صورت میں مدھیہ پردیش میں موجود ہے، یہ سسٹم آج رات یا کل صبح مشرقی سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس سسٹم کے زیر اثر مون سون ہوائیں شدت سے سندھ میں داخل ہوسکتی ہیں، آج رات سے 31 اگست کے دوران سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ 26 سے 30 اگست کے دوران سندھ کے دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

کراچی میں 27 سے 31 اگست کے دوران ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان جبکہ کیرتھر رینج اوربلوچستان کے پہاڑی سلسلے پر بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارش کے باعث سندھ کے نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں، سمندر میں اس دوران طغیانی رہے گی لہٰذاماہی گیر اس دوران محتاط رہیں۔

ادھر موسمیاتی تجزیہ کار اویس حیدر کے جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ اسپیل اب تک کے مون سون سیزن کا سب سے طاقتور اسپیل ثابت ہو سکتا ہے۔

اویس حیدر کے مطابق پیر کو کراچی کے مضافاتی علاقوں میں بارشں متوقع ہے جبکہ منگل سے جمعرات تک کراچی میں بارش کا امکان ہے، اس دوران کہیں موسلادھار بارش بھی متوقع ہے اور شہر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے مزید بتایا کہ کراچی میں جمعےکوبھی مختلف علاقوں میں بارش کے امکانات ہیں۔

24 گھنٹوں میں کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟

وسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی کے موسم کے حوالے سے بتایا ہے کہ آئند 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا اوراس دوران شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات  کے مطابق اس وقت ہوا میں نمی 70 فیصد اور شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہیں، سمندری ہوائیں27 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

مزید خبریں :