Time 25 اگست ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کے خاتمے کیلئے کمیٹی تشکیل

پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کے خاتمے کیلئے کمیٹی تشکیل
اندرونی اختلافات کے خاتمے کے لیے سابق صدر عارف علوی کی صدارت میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے: ذرائع۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات کے خاتمے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات کے خاتمے کے لیے سابق صدر عارف علوی کی صدارت میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عارف علوی اختلافات رکھنے والے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور ان کے تحفظات سنیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ عارف علوی کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی ایک ہفتے میں پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کے خاتمے کے لیے اپنی تجاویز دے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں سابق صوبائی وزیر شکیل خان کو وزارت سے ہٹانے کے معاملے پر پارٹی میں شدید اختلافات سامنے آئے تھے۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے پارلیمانی واٹس ایپ گروپ پر بھی وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور شکیل خان کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی تھی اور دونوں نے ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔

اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف پنجاب میں بھی اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

پارٹی چیئرمین عمران خان کی جانب سے بھی تحریک انصاف میں اختلافات کی خبروں کا نوٹس لیا گیا تھا اور تمام پارٹی رہنماؤں کو اپنے اختلافات ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

تاہم مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف پارٹی میں اختلافات کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پارٹی عمران خان کی قیادت میں منظم ہے، حکومتی وزراء کی پی ٹی آئی رہنماؤں میں پھوٹ ڈالنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

مزید خبریں :