26 اگست ، 2024
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لاہور کا 27 اگست کا جلسہ ملتوی کر دیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما شوکت بسرا کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 27 اگست کو لاہور میں ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا گیا ہے۔
ان کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے تمام تر توجہ 8 ستمبر کے اسلام آباد جلسے پر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، لاہور جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان اسلام آباد جلسے کے بعد کیا جائے گا۔
اس سے قبل اسلام آباد میں پی ٹی آئی نے 22 اگست کا جلسہ منسوخ کردیا تھا، جلسے منسوخی سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 22 اگست کا جلسہ منسوخ کرنے کی پیش کش کی تھی ، اسی لیے صبح سات بجے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی سہولت کاری کی گئی۔
وزیر دفاع خواجہ کا کہنا تھا کہ بات جلسہ منسوخ کرنے کی تھی، اس لیے انتظامیہ کو کیا اعتراض ہو سکتا تھا، اعظم سواتی اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والی گفتگو جلد یا بدیر سامنے آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پتا چل جائے گا کہ اعظم سواتی نے کیا کہا اور بانی پی ٹی آئی نے کیا جواب دیا؟ کیا یقین دہانیاں کرائی گئیں؟ کیوں شادیانے بجائے گئے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر 22 اگست کا جلسہ کامیاب ہونے کی امید ہوتی تو بانی پی ٹی آئی کبھی ملتوی نہ کرتے۔