26 اگست ، 2024
راولپنڈی ٹیسٹ میں سلور اوورریٹ پر پاکستان اور بنگلادیش پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔
پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں سست اوور کروانے پر جرمانے کے مرتکب پائے گئے، پاکستان نے 6 اوور کم کرائے جبکہ بنگلادیش نے تین اوور سست روی سے پھینکے جس کے باعث پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کےچھ پوائنٹس سے محروم ہوگیا اور مہمان ٹیم تین پوائنٹس سے ہاتھ دھو بیٹھی۔
پاکستان ٹیم پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ بنگلادیش 15 فیصد جرمانہ بھرے گی۔
پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں نمبرپرہی رہے گا جبکہ فتح کے باوجود بنگلادیش چھٹے نمبر سے ساتویں نمبرچلی گئی۔
بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن پرآئی سی سی ضابطہ کی خلاف ورزی پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ مل گیا اور ان پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کیا گیا۔ شکیب الحسن نے بولنگ کے دوران محمدرضوان کی جانب گیند تھروکی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بنگلا دیش نے راولپنڈی میں تاریخ رقم کی، پنڈی ٹیسٹ میں مہمان ٹیم نے 10 وکٹ کی کامیابی کے ساتھ پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرلی۔