27 اگست ، 2024
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے دہشتگرد صرف ایک ایس ایچ او کی مار ہیں، ان کے خلاف کسی آپریشن کی ضرورت نہیں ہے۔
کوئٹہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ محسن نقوی کا کہنا تھاکہ میرا آنے کا مقصد آپ اور بلوچستان کی عوام کو پتہ ہوکہ وفاقی وزیرداخلہ آپ کی حمایت میں کھڑے ہیں، وزیراعظم سمیت سب بلوچستان کی صورتحال پر تشویش میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے جو واقعات ہیں وہ ناقابل برداشت ہیں جو لوگ سمجھتے ہیں کہ ہمیں وہ ان واقعات سے ڈرا سکتےہیں ان کو جلد ایک اچھا میسیج مل جائےگا، دہشت گردوں نے چھپ کر حملہ کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان میں کسی آپریشن کی ضرورت نہیں، یہ دہشت گرد صرف ایک ایس ایچ او کی مارہیں، بزدل دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کیلئے کسی لمبی چوڑی سائنس کی ضرورت نہیں ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ سب سے اہم یہ ہے کہ وہ حملہ کرتے ہیں اور بھاگ جاتےہیں، ہمیں ان لوگوں کے پیچھےجاناہےجو ان واقعات کے پشت پناہی کر رہے ہیں، بلوچستان میں دہشت گردی کرنے والوں کو آنے والے دنوں میں سخت پیغام مل جائےگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے متعدد اضلاع میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات میں 37 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔
بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران 21 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 14 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔