Time 28 اگست ، 2024
جرائم

آشنا سے شادی کیلئے خاتون نے پروگرام کرائم پیٹرول سے متاثر ہوکر 3 سالہ بچی کو قتل کردیا

آشنا سے شادی کیلئے خاتون نے پروگرام کرائم پیٹرول سے متاثر ہوکر 3 سالہ بچی کو قتل کردیا
یہ واقعہ ریاست بہار کے علاقے مظفرپور میں پیش آیا جہاں ایک ماں ہی اپنی بیٹی کی قاتل بن گئی/ فوٹو بھارتی میڈیا

بھارت میں معروف پروگرام 'کرائم پیٹرول' سے متاثر ہو کر خاتون نے عاشق سے شادی کرنے کیلئے 3 سالہ بیٹی کو قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار کے علاقے مظفرپور میں پیش آیا جہاں ایک ماں ہی اپنی بیٹی کی قاتل بن گئی۔

پولیس کا بتانا ہےکہ کاجل نامی خاتون کی شادی  منوج سے ہوئی تھی اور جوڑے کی ایک 3 سالہ بیٹی تھی، کاجل کا شادی کے باوجود  غیر ازدواجی تعلق تھا  جس کے ساتھ وہ جانا چاہتی تھی تاہم بوائے فرینڈ بیٹی کو ساتھ لے جانا نہیں چاہتا تھا۔

پولیس کے مطابق اسی وجہ سے کاجل نے اپنی بیٹی کا گلا کاٹ کر سوٹ کیس میں بند کرکے جھاڑیوں میں پھنک دیا اور گھر سے چلی گئی۔

پولیس نے یہ بھی بتایا کہ کاجل کے شوہر منوج نے پولیس کو بیوی کے خلاف شکایت درج کروائی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے تحقیقات کے دوران فارنزک ٹیم کی مدد سے گھر کی تلاشی لی جہاں فرش، چھت اور بیسن میں بھی خون کے نشانات پائے۔

پولیس کے مطابق منوج نے بتایا کہ کاجل گھر پر موجود نہیں تھی اور فون کرنے پر اس نے بتایا کہ وہ اپنی خالہ کے گھر جارہی ہے، جس پر پولیس نے کاجل کے فون سے لوکیشن ٹریس کرکے اسے بوائے فرینڈ کے گھر سے گرفتار کیا۔

پولیس تحویل میں تحقیقات کے دوران خاتون نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 2 سالوں سے وہ غیر ازدواجی تعلقات میں تھی، وہ بیٹی کو بھی ساتھ لے جانا چاہتی تھی لیکن بوائے فرینڈ کے انکار پر اس نے مشہور ٹی وی پروگرام کرائم پیٹرول سے متاثر ہو کر بیٹی کو قتل کیا۔

مزید خبریں :