28 اگست ، 2024
سندھ کے ضلع تھرپارکر کی تحصیل ننگرپارکر میں گزشتہ 3 دن میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
تھرپارکر کے مختلف علاقوں مٹھی، چھاچھرو، اسلام کوٹ اور ننگرپارکر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ننگرپارکر میں گزشتہ 3 دن میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کے مطابق تین دن میں مٹھی میں بھی 150 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
خیال رہےکہ مون سون سسٹم کے سبب سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ٹھٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بھارت اور بنگلا دیش سے بننے والا سسٹم 2 دن سے سندھ میں برس رہا ہے، سب سے زیادہ بارش تھرپارکر میں ہوئی ہے، کل سے تھرپارکر، سجاول ،ٹھٹہ، عمرکوٹ اور شہید بینظیر آباد کے اضلاع میں زیادہ خطرات ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دریا کے دوسری طرف کے اضلاع کیرتھر رینج ، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو اور جامشورو میں بھی خطرہ ہے ، کراچی میں بھی خطرہ ہے، ہر ضلع میں کابینہ کے لوگ فوکل پرسن مقرر کیے ہیں۔