29 اگست ، 2024
کراچی: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے تین کھلاڑیوں اور فزیو کا پاسپورٹ منسوخ کرانے کے لیے وزارت داخلہ سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پی ایچ ایف کے سیکرٹری رانا مجاہد نے بتایا کہ وزارت داخلہ کو خط لکھ کر پاسپورٹ منسوخ کرانے کی درخواست کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شینجینگ ویزا میں ایک ماہ تک ملٹی پل انٹری تھی، کھلاڑیوں کے ڈپارٹمنٹس سے بھی رابطہ کیا ہے، تینوں کھلاڑی اور فزیو یورپ میں ہیں، پولینڈ سے واپسی کے بعد کھلاڑی اور فزیو دوبارہ یورپ روانہ ہوگئے تھے۔
رانا مجاہد کے مطابق ان تین کھلاڑیوں میں مرتضیٰ یعقوب،عبدالرحمٰن جونیئر،احتشام اسلم اور فزیو ڈاکٹر وقاص شامل ہیں۔
پی ایچ ایف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف کو ملنے والی اطلاع کے مطابق کھلاڑی سیاسی پناہ کی درخواست کرنا چاہتے ہیں، کھلاڑیوں نے پی ایچ ایف کو بتایا نہ بیرون ملک جانے کی اطلاع دی۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد نے انکشاف کیا تھا کہ ہاکی کے 3 قومی کھلاڑیوں اور فزیو نے بیرون ملک سیاسی پناہ کی درخواست دی ہے۔