30 اگست ، 2024
پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی عدم موجودگی کے باعث صوبائی کابینہ میں مزید تقرریاں رک گئیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے ایک مشیر اور چار معاونین خصوصی کی تقرری کی سمری گورنر خیبر پختونخوا کو بھیجی تھی جو انہیں 26 اگست کو موصول ہوئی تھی۔
سرکاری ذرائع کا بتانا ہے کہ گورنر نے تاحال سمری پر دستخط نہیں کیے، گورنر فیصل کریم کنڈی گزشتہ ایک ہفتے سے شہر سے باہر ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی نے احتشام علی کو مشیر، پیر مصور غازی، سہیل آفریدی، نیک محمد اور ہمایون خان کو بطور معاونین خصوصی کابینہ میں شامل کرنے کی سمری گورنر کے پی کو بھیجی تھی۔
اس حوالے سے جیو نیوز گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون خیبر پختونخوا آفتاب عالم کا کہنا تھا گورنر کے پاس سمری گئی ہے لیکن گورنر موجود نہیں ہیں، گورنر اپنی آئینی ذمہ داری چھوڑ کر سیاست کرنے میں لگے ہیں۔
آفتاب عالم کا کہنا تھا گورنر ریاستی امور کو نقصان پہنچا رہے ہیں، گورنر اپنا کام چھوڑ کر ٹاک شوز میں تجزیے کرتے ہیں۔