Time 01 ستمبر ، 2024
دنیا

مغویوں کی رہائی کے معاہدے کیلئے اسرائیل میں کل مکمل ہڑتال کا اعلان

مغویوں کی رہائی کے معاہدے کیلئے اسرائیل میں کل مکمل ہڑتال کا اعلان
فوٹو: رائٹرز

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی قید میں موجود اسرائیلی مغویوں کی رہائی کے معاہدے کے لیے اسرائیل میں کل ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

آج غزہ میں 6 اسرائیلی مغیوں کی لاشیں ملنے کے بعد اسرائیلی شہریوں میں حکومت کے خلاف غم و غصہ بڑھ گیا ہے اور مغویوں کی رشتے داروں نے حکومت پر مغویوں کی رہائی کے معاہدے کے حوالے سے دباؤ ڈالنے کے لیے کل ہڑتال کی اپیل بھی کی ہے۔

اسرائیلی کی طاقتور ٹریڈ یونین ہستدروت نے اپیل کی حمایت میں کل مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

ٹریڈ یونین کے سربراہ کا کہنا ہے کہ میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ اب صرف ہماری ہی مداخلت ان لوگوں کو جھنجھوڑ سکتی ہے جنہیں جھنجھوڑے جانے کی ضرورت ہے، کل صبح سے پورے اسرائیل کی معیشت ہڑتال پر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مغویوں کی رہائی کا معاہدہ سیاسی وجوہات کی بنا پر نہیں ہورہا اور یہ ناقابل قبول ہے، اس وقت معاہدہ ہر چیز سے زیادہ ضروری ہے لیکن ہمیں معاہدے کی جگہ لاشیں مل رہی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیل کا سب سے بڑا ائیرپورٹ بن گوریون ائیرپورٹ بھی کل صبح 8 بجے سے بند ہوجائے گا۔

خیال رہے کہ ہستدروت ٹریڈ یونین اسرائیل کے لاکھوں مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ہے جسے ہائی ٹیک شعبے کی بڑی کمپنیوں کی حمایت حاصل ہے، اس تنظیم کی جانب سے ہڑتال کی حمایت کرنا عوامی غم و غصے کے پیمانے کو ظاہر کرتا ہے۔

اسرائیل کے اپوزیشن لیڈر  یاری لاپید کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کی گئی ہے۔


مزید خبریں :