Time 02 ستمبر ، 2024
دنیا

ترک صدر اور سعودی ولی عہد کا رابطہ: غزہ میں حملوں، انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے پر زور

ترک صدر  اور سعودی ولی عہد کا رابطہ: غزہ میں حملوں، انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے پر زور
فوٹو: فائل

ترک صدر رجب طیب اردوان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے غزہ میں جاری اسرائیلی حملے اور اسرائیل کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری روکے جانے اور فوری اور پائیدار جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ترک صدارتی دفتر کے مطابق ترک صدر طیب اردوان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے جس میں صدر اردوان نے سعودی ولی عہد سے غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ترک صدارتی دفتر کاکہنا ہے کہ صدر اردوان نے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے اسلامی ممالک کی مشترکا کوششوں پر زور دیا، صدر اردوان اور سعودی ولی عہد نے علاقائی و عالمی معاملات پر بھی بات چیت کی۔

اس کے علاوہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کو بھی ٹیلیفون کیا جس میں  دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آپریشن روکنے کا مطالبہ کیا۔

سعودی خبر ایجنسی کے مطابق محمد بن سلمان نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے عرب اور اسلامی ممالک  کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری جانب مصری صدارتی دفتر کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا اور خطے کے استحکام کیلئے اسرائیلی حملے رُکنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید خبریں :