Time 02 ستمبر ، 2024
پاکستان

ملک کے مختلف شہروں میں آج سے بارشوں کی پیشگوئی

ملک کے مختلف شہروں میں آج سے بارشوں کی پیشگوئی
اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور سمیت ملک میں مختلف مقامات پر آج بارشیں متوقع ہیں: محکمہ موسمیات/ فائل فوٹو

محکمہ موسمیات نے آج سے پاکستان کے بیشتر شہروں میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور سمیت ملک میں مختلف مقامات پر آج بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے مرطوب ہوائیں خلیج بنگال سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث آج شام سے منگل تک اسلام آباد سمیت پنجاب ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارشیں ہوں گی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے اور یہ مون سون بارشوں کا اسپیل 4 ستمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق راولپنڈی، اٹک ، چکوال ، جہلم ، منڈی بہاؤالدین، گجرات ، گوجرانولہ، خوشاب میں بارش کا امکان ہے، جب کہ سرگودھا، میانوالی ، چنیوٹ ، قصور ، نارووال ، ساہیوال ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق فیصل آباد ، جھنگ اور میانوالی ، بہاولپور ، بہاولنگر ، خان پور ،ڈیرہ غازی خان ، ملتان ، لیہ ، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ 

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کے مطابق پنجاب کے تمام دریاؤں و ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، دریائے سندھ ، چناب ، راوی ، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان ہل ٹورنٹس میں بھی نارمل صورتحال ہے،منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 79 فیصد ،تربیلا ڈیم میں 100 فیصد ہے ۔

ان کا بتانا ہے کہ  پنجاب کے دریاؤں میں فی الحال سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔

ادھر بلوچستان میں 4 ستمبر تک بادل برسنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب کراچی، حیدرآباد اور سکھر سمیت سندھ بھر میں منگل اور بدھ کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزید خبریں :