02 ستمبر ، 2024
بھارتی ریاست اتر پردیش میں بھیڑیوں کےحملے میں ایک کمسن بچی ہلاک اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھیڑیوں کے تازہ حملے میں لوگوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کا واقعہ ریاست اتر پردیش کے ضلع بھریچ میں پیش آیا جہاں ایک 2 سالہ بچی کی ہلاکت ہوئی اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق بھیڑیوں کے حملے میں ہلاک بچی کا نام انجلی ہے جس کی والدہ نے بتایا کہ بچی کی ہلاکت کا واقعہ علی الصبح 4 بجے پیش آیا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہلاک بچی کی والدہ نے کہا کہ ’اپنے 6 ماہ کے بچے کے رونے پر میری آنکھ کھلی تو مجھے پتا چلا کہ بھیڑیا میری بیٹی کو لے گیا ہے، اس کے دونوں ہاتھوں پر کاٹنے کے نشان تھے، ہم غریب لوگ ہیں جو مزدوری کرتے ہیں اور ہمارے گھر کا دروازہ نہیں ہے‘۔
بھیڑیے کے حملے سے متاثرہ ایک اور خاتون نے بتایا کہ رات 11 بج کر 30 منٹ پر جب وہ اپنے گھر کے بیت الخلا سے واپس آرہی تھی تو بھڑیےنے اس پر حملہ کیا اور اسے زخمی کردیا۔
ریاست اتر پردیش کے ضلع بھریچ میں یہ بھیڑیوں کے حملے کا پہلا واقعہ نہیں بلکہ گزشتہ چند ماہ میں ایسے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔
چند روز قبل ضلع بھریچ میں ہی پیش آنے والے ایک ایسے واقعے کے بعد ایک بھارتی صحافی نے دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ 50 روز کے دوران بھیڑیوں کے حملوں میں 5 بچوں سمیت 7 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔