02 ستمبر ، 2024
بالی وڈ اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ انہیں اتنا بدنام کردیا گیا ہے کہ ان کی شادی نہیں ہوپارہی۔
حال ہی میں ایک بھارتی شو کے دوران کنگنا رناوت نے شادی سے متعلق گفتگو کی اور یہ بھی بتایا کہ کس طرح ان کیلئے کی جانے والی منفی تشہیر ان کی شادی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
دوران شو جب 38 سالہ اداکارہ سے پوچھا گیا کہ وہ شادی سے متعلق کیا رائے رکھتی ہیں کہ آیا وہ کسی سیاستدان کو شادی کیلئے منتخب کریں گی یا کسی اداکار کو؟
اس سوال کے جواب میں کنگنا نے جواب دیا کہ ’میں اس بارے میں کیا کہوں؟ شادی سے متعلق میرے خیالات بہت اچھے ہیں، میرا ماننا ہے کہ ہر انسان کو ایک ساتھی کی ضرورت ہوتی ہے‘۔
کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ ’ مجھے لگتا ہے کہ بچے ہونے چاہیے لیکن مجھے لوگوں نے اتنا بدنام کیا ہوا ہے کہ میری شادی نہیں ہونے دیتے ، صرف عدالتی کیسز ہی اتنے ہیں، جیسے ہی کسی سے رشتے کی بات چلتی ہے تو پولیس گھر آجاتی ہے اور اٹھاکر لے جاتی ہے‘۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ’ ایک بار تو ہونے والے ساس سسر گھر آئے ہوئے تھے کہ عدالت سے پیشی کا حکم آگیا یہ دیکھ کر سسرال والے بھاگ گئے۔‘
بعد ازاں اداکارہ نے اپنی ہی بات سے انکار کرتے ہوئے اسے مذاق قرار دے دیا اور کہا کہ’ یہ بھی ایک سائیڈایفیکٹ ہے‘۔
یاد رہے کہ کنگنا رناوت نے بھارت کے عام انتخابات میں بی جے پی کے ٹکٹ پر مندی سے لوک سبھا کا الیکشن لڑا اور کانگریس کے امیدوار کو شکست دی۔
سیاست میں قدم رکھنے کے بعد پہلی مرتبہ الیکشن میں حصہ لیتے ہی اداکارہ نے 5 لاکھ 37 ہزار 2 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔