Time 03 ستمبر ، 2024
پاکستان

اسپیکر قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کےججز کی تعداد میں اضافے کا بل مؤخر کردیا

اسپیکر قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کےججز کی تعداد میں اضافے کا بل مؤخر کردیا
سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 23 کرنے کا بل (ن) لیگ کے رکن اسمبلی دانیال چوہدری نے پیش کیا/ فائل فوٹو 

قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے ن لیگ کے دانیال چوہدری کا سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد میں اضافے کا بل مؤخر کردیا۔

سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 23 کرنے کا بل (ن) لیگ کے رکن اسمبلی دانیال چوہدری نے پیش کیا جس پر حزب اختلاف کے بیرسٹر گوہر نے بل کی مخالفت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ  آئین کے تحت ایسی ترمیم صرف حکومت لاسکتی ہے، پرائیویٹ ممبربل میں سپریم کورٹ کےججز کی تعداد پرقانون سازی نہیں ہوسکتی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سپریم کورٹ سال میں 155 دن کام کرتی ہے، بھارت میں سپریم کورٹ 190 دن کام کرتی ہے، ہمیں مقدمات کے التواکے خاتمے کےلیے سپریم کورٹ کےکام کرنے والے دنوں کو بڑھانا چاہیے۔ 

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 17 ہے، آبادی 25 کروڑ ہو چکی ہے، پہلےانگریزجج بحری جہازوں پرانگلستان جاتےتھے، اس لیےسپریم کورٹ 60 دن کی2چھٹیاں کرتی تھی، اب یہ چھٹیاں کم ہونی چاہییں۔

ان کا کہنا تھاکہ حکومت نے فی الحال ججز کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا، اس معاملے کو تفصیل سے دیکھ کر فیصلہ کر لیں گے۔

اسپیکر نے بل کو فی الحال مؤخر کردیا۔


مزید خبریں :