Time 03 ستمبر ، 2024
صحت و سائنس

کیا زیتون کا تیل دل کی صحت کیلئے مفید ہوتا ہے؟ نئی تحقیق میں جواب سامنے آگیا

کیا زیتون کا تیل دل کی صحت کیلئے مفید ہوتا ہے؟ نئی تحقیق میں جواب سامنے آگیا
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

زیتون کا تیل صحت کے لیے بہت زیادہ مفید تصور کیا جاتا ہے، خاص طور پر امراض قلب سے بچانے کے لیے، مگر کیا یہ خیال واقعی درست ہے؟

اس سوال کا جواب امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

ساؤتھ فلوریڈا یونیورسٹی کی تحقیق میں یہ جائزہ لیا گیا تھا کہ زیتون کا تیل دل کی صحت کے لیے کس حد تک مفید ہوتا ہے۔

اس مقصد کے لیے 40 ایسے افراد کو تحقیق کا حصہ بنایا گیا جن میں امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ موجود تھا۔

انہیں 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

ایک گروپ میں شامل افراد کو روزانہ ایک چائے کے چمچ سے کم زیتون کا تیل استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا جبکہ دوسرے گروپ کو 4 کھانے کے چمچ زیتون کے تیل استعمال کرایا گیا۔

ایک ہفتے بعد دونوں گروپس کے معمولات کو تبدیل کیا گیا، یعنی ایک چمچ والے گروپ کو 4 چمچ زیتون کا تیل استعمال کرایا گیا۔

اس کے بعد ان افراد کو 4 ہفتوں تک ایسا کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ انہیں اس عرصے میں اچھی غذا کا استعمال بھی کرایا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ مقدار جتنی بھی ہو، زیتون کے تیل سے جسم میں نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے۔

محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ روزانہ زیتون کے تیل کا استعمال دل کی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

مثال کے طور پر کم مقدار میں زیتون کا تیل استعمال کرنے والے افراد اگر سرخ گوشت کی کم مقدار کو غذا کا حصہ بنائیں جبکہ پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال کریں تو کولیسٹرول کی سطح میں نمایاں کمی آتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری غذا میں شامل چکنائی دل کی صحت کے لیے اہم ہوتی ہے، اگر اسے زیتون کے تیل اور دیگر اچھی غذاؤں سے حاصل کیا جائے تو نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح گھٹ جاتی ہے، جس سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل آف دی امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :