04 ستمبر ، 2024
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے استعفے کو وفاق کے لیے برا شگون قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ موجودہ حالات میں اختر مینگل، ڈاکٹر مالک بلوچ ، لشکری رئیسانی ، عبدالغفور حیدری اور مولانا ہدایت الرحمان جیسے سیاستدانوں کا دم غنیمت سمجھا جانا چاہیے۔
دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں بات کرتے ہوئے لیگی رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سردار اختر مینگل کا استعفیٰ فوری طور پر منظور نہیں کیا جائے گا۔
تحریک انصاف کے ڈاکٹر نثار احمد جٹ کا کہنا تھا کہ سردار اختر مینگل کو استعفے پر نظر ثانی کرنی چاہیے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ اختر مینگل نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہا کہ میں آج اسمبلی سے استعفیٰ کا اعلان کرتا ہوں، یہ بات میں نے کسی کو نہیں بتائی لیکن آج ابھی اس پریس کانفرنس میں بتا رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے لوگوں کے لیے کچھ نہیں کر سکا، بلوچستان کے حالات دیکھ کرفیصلہ کرکے آیا تھا، میں ریاست، صدر اور وزیراعظم پر عدم اعتماد کا اعلان کرتا ہوں، پورے نظام پر عدم اعتماد کر رہا ہوں۔