Geo News
Geo News

پاکستان
16 فروری ، 2013

وزیراعلیٰ اور رحمن ملک کی گورنر سندھ سے اہم ملاقات

وزیراعلیٰ اور رحمن ملک کی گورنر سندھ سے اہم ملاقات

کراچی …وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور وفاقی وزیر داخلہ عبد الرحمن ملک نے ہفتے کی شام گورنر ہاوٴس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی ، گورنرہاوس کراچی میں ملاقات میں تینوں رہنماوٴں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انتخابات کے وقت پرامن اور شفاف انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کے ساتھ بھرپور حکومتی تعاون جاری رہے گا۔اس موقع پر جاری صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اپنے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ صوبے میں اتحادی جماعتوں کے درمیان مفاہمت کا تسلسل یقینی بنایا جائے گا اور خصوصاً سندھ کی دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان کسی بھی غلط فہمی کو رابطوں کے ذریعے دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے با لخصوص کراچی میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مزید ٹھوس اقدامات اٹھائیں جائیں گے اور اس ضمن میں زیرو ٹالیرینس پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ملاقات میں متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظات دور کرنے کے فیصلے کے ساتھ ساتھ واضح کیا گیا ہے کہ صوبے میں کوئی بھی اقدام اتحادی جماعتوں کی مشاورت کے بغیر نہیں اٹھایا جائے گا۔ ملاقات میں بتایا گیاکہ شہر میں دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں انٹیلی جنس ذرائع کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی مطلوبہ اختیارات دیدیئے گئے ہیں تاکہ مربوط انداز میں کارروائی کی جاسکے۔ یہ بھی بتایا گیاکہ ٹارگیٹڈ آپریشن کا سلسلہ وسیع کیا جائے گاتاکہ کم سے کم وقت میں بہتر نتائج حاصل ہوسکیں۔ تینوں رہنماوٴں نے کراچی میں امن وامان کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر اس اصل روح کے مطابق عمل کرنے پر بھی زور دیا۔

مزید خبریں :