Time 04 ستمبر ، 2024
پاکستان

حکومت اور اپوزیشن کا اختر منگل سے استعفیٰ واپس لینے کی اپیل

حکومت اور اپوزیشن کا اختر منگل سے استعفیٰ واپس لینے کی اپیل
سردار اختر مینگل نے گزشتہ روز بطور ممبر قومی اسمبلی استعفیٰ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروایا تھا۔ فوٹو فائل

حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے  بی این پی سربراہ اختر مینگل سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفا واپس لینے کی اپیل کی گئی ہے۔ 

رانا ثنا اللہ کی قیادت میں حکومتی وفد اختر مینگل کو منانے پہنچا، میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا نے کہا کہ اختر مینگل کا فیصلہ نہ صرف ان کے حلقے کے عوام بلکہ حکومت کے لیے بھی سرپرائز ہے۔ 

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان کے پاس آئے ہیں، بیٹھ کر بات کریں گے، کوشش ہے ان کی ناراضی کو دور کیا جائے اور  ساتھ لے کر چلا جائے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے  بھی سردار اختر مینگل سے ملاقات کی اور قومی اسمبلی سے استعفا واپس لینے کی اپیل کی۔ 

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ استعفا کسی مسئلے کا حل نہیں، پارلیمان میں رہیں آواز اٹھائیں اسی سے مسائل کا حل نکلے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سردار اختر مینگل نے قومی اسمبلی کے ممبر کی حیثیت سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اپنے لوگوں کے لیے کچھ نہیں کر سکا اس لیے استعفیٰ دے رہا ہوں۔

انہوں نے اپنے استعفے میں لکھا تھا بلوچستان کے حالات دیکھ کرفیصلہ کرکے آیا تھا، میں ریاست، صدر اور وزیراعظم پر عدم اعتماد کا اعلان کرتا ہوں، پورے نظام پر عدم اعتماد کر رہا ہوں۔

مزید خبریں :