04 ستمبر ، 2024
کراچی کی مقامی عدالت نے کار ساز حادثہ کیس کی ملزمہ کے شوہر کی ضمانت منظور کرلی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت میں کار ساز حادثہ کیس کی ملزمہ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے ملزمہ کی درخواست ضمانت پر سرکاری وکیل، مدعی مقدمہ اور تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 6 ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔
ملزمہ کے وکیل عامر منسوب ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ملزمہ ذہنی مریضہ ہے، 2005 سے زیر علاج ہے، ملزمہ درجنوں بار نفسیاتی ڈاکٹر کے زیر علاج رہ چکی ہے، ملزمہ کے خلاف جو دفعات شامل کی گئی ہیں اس کی سزا دیت ہے۔
عامرمنسوب ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ عدالت سے استدعا ہے کہ ملزمہ کی ضمانت منظور کی جائے۔
درخواست ضمانت کے ساتھ نجی اسپتال کا میڈیکل سرٹیفکیٹ اور ریکارڈ بھی جمع کرایا گیا۔
دوسری جانب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے کیس کی ملزمہ کے شوہر کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
بعدازاں ملزمہ کے وکیل عامر منصوب ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ملزمہ 18اگست2005 کو پہلی بار ذہنی امراض کے وارڈ میں داخل ہوئی، میڈیکل رپورٹ کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔