Time 05 ستمبر ، 2024
پاکستان

سندھ میں بارش کا امکان،کئی شہروں میں پانی جمع ہونے سے مختلف بیماریاں پھیلنے لگیں

سندھ میں بارش کا امکان،کئی شہروں میں پانی جمع ہونے سے مختلف بیماریاں پھیلنے لگیں
آج میر پور خاص، عمر کوٹ، مٹھی اورتھر پارکر میں چند مقامات پربارش کا امکان ہے__فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات نے آج سندھ کے بعض شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

سندھ میں آج میر پور خاص، عمر کوٹ، مٹھی اورتھر پارکر میں چند مقامات پربارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ آج بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بھی کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب علاوہ ٹنڈوالہ یار میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث بیماریاں پھیلنے لگیں، شہری ملیریا، ڈائریا اورمختلف جلدی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔

ادھر میرپورخاص میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہوسکی اور کئی مقامات پر زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے، دادو میں گاج ندی کے پانی کی سطح کم ہونے لگی جب کہ دریائے سندھ میں پانی کے اخراج کے بعد منچھر جھیل میں پانی کی سطح میں کمی ہوئی ہے۔

خضدار میں حالیہ بارشوں کے بعد مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے، بلوچستان کو سندھ سے ملانے والی قومی شاہراہ این 8 سمیت متعدد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

دوسری جانب نصیر آباد کے مختلف علاقوں میں بیماریاں پھیلنے لگیں، جعفر آباد کی مراد آباد کالونی میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے سبب مکینوں کو جلدی امراض اور دیگر بیماریوں کا سامنا ہے۔

جھل مگسی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی رابطہ سڑکیں 7دن سے بند ہیں، پی ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچانا شروع کردیا۔ 

مزید خبریں :