Time 05 ستمبر ، 2024
پاکستان

سندھ ہائیکورٹ: لاپتا شہری سے متعلق تمام صوبوں اور ملک بھر کی جیلوں سے رپورٹ طلب

سندھ ہائیکورٹ: لاپتا شہری سے متعلق تمام صوبوں اور ملک بھر کی جیلوں سے رپورٹ طلب
عدالت نے تفتیشی افسران کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاپتا افراد کے مسئلے پر لوگ پریشان ہیں اور عدالت آنا چھوڑ چکے ہیں۔ فوٹو فائل

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ شہری  زبیر سے متعلق تمام صوبوں اور ملک بھر کی جیلوں سے رپورٹ طلب کرلی۔

دو سگے بھائیوں سمیت 6 لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی عدالت میں ہوئی۔

دوران سماعت جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے تفتیشی افسر سعید رند کی سرزنش کی۔ عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ لاپتا افراد کے مسئلے پر لوگ پریشان ہیں اور عدالت آنا چھوڑ چکے ہیں، اس وقت بہت الارمنگ صورت حال ہے۔

عدالت نے 2 لاپتا شہریوں کے شناختی کارڈ ان بلاک کرنے کے حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر نادرا  انچارج کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

عدالت نے گزشتہ سماعت پر لاپتاشہری معاذ اور طلحہ کے شناختی کارڈ ان بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے کمشنر کراچی، آئی جی سندھ اور سی آئی اے سے بھی رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت نے لاپتا شہری زبیر سے متعلق تمام صوبوں اور ملک بھر کی جیلوں سے رپورٹ اور ٹریول ہسٹری بھی چار ہفتوں میں طلب کرلی۔

عدالت نے لاپتا شہریوں کے کوائف اخبارات اور عوامی مقامات پر چسپاں کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

مزید خبریں :