05 ستمبر ، 2024
غزہ: حماس نے غزہ جنگ بندی کے لیے نئی تجاویز کی مخالفت کردی۔
حماس ترجمان نے کہا کہ غزہ جنگ بندی کے لیے نئی تجاویز کی ضرورت نہیں، اسرائیل پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ حماس کے قبول کیے گئے امریکی منصوبے پر رضامند ہو۔
حماس ترجمان کا کہنا تھا کہ فلاڈیلفی راہداری (غزہ، مصر بارڈر) سے فوج نہ ہٹانے کی ہٹ دھرمی سے نیتن یاہو نے معاہدے کو ناکام بنانے کی کوشش کی، اسرائیلی وزیراعظم حماس کے خلاف جارحیت کو طول دینے کے لیے مذاکرات کا استعمال کرتے ہیں۔
دوسری جانب امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس غزہ جنگ بندی کے لیے ایک نئی تجویز پیش کرنے کو تیار ہے جس کا مقصد جنگ بندی مذاکرات میں تعطل کے اہم نکات پر کام کرنا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے، مذاکرات کار اب بھی دو اہم رکاوٹوں کے حل کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، معاہدے کا نیا مسودہ اگلے ہفتے یا اس سے بھی جلد تیار کیا جا سکتا ہے۔