Time 06 ستمبر ، 2024
صحت و سائنس

کروڑوں افراد کا پسندیدہ ترین گرم مشروب قبل از وقت موت سے کیسے تحفظ فراہم کرتا ہے؟

کروڑوں افراد کا پسندیدہ ترین گرم مشروب قبل از وقت موت سے کیسے تحفظ فراہم کرتا ہے؟
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

کافی دنیا میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے مشروبات میں سے ایک ہے اور اسے صحت کے لیے مفید بھی سمجھا جاتا ہے۔

اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ اپنا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد اس مشروب کو استعمال کرکے قبل از وقت موت کا خطرہ کم کر سکتے ہیں۔

یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Soochow یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے مختلف امراض سے قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

اس تحقیق میں 10 ہزار بالغ افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا اور اور ان کی صحت کا جائزہ 13 سال تک لیا گیا۔

تحقیق کے دوران دیگر عناصر جیسے عمر، جنس، تعلیم، آمدنی، جسمانی وزن اور دیگر کو مدنظر رکھا گیا تھا۔

تحقیق میں دریافت ہوا کہ جو افراد دن میں 8 گھنٹے بیٹھ کر گزارتے ہیں ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 46 فیصد تک بڑھ جاتا ہے جبکہ امراض قلب سے موت کا خطرہ 79 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق کافی پینے سے سست طرز زندگی یا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے صحت پر مرتب منفی اثرات سے تحفظ ملتا ہے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ کافی پینے سے کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 33 فیصد تک گھٹ جاتا ہے جبکہ امراض قلب سے موت کے خطرے میں 54 فیصد کی کمی آتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ کافی ورم کش مشروب ہے جبکہ اس کی انٹی آکسائیڈنٹ خصوصیات زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے جسم پر مرتب ہونے والے منفی اثرات سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے جسم میں ورم پھیلتا ہے مگر کافی پینے سے اس کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ کافی پینے سے سست طرز زندگی کے منفی اثرات کا خطرہ کم کیا جا سکتا ہے مگر ہمیں جسمانی طور پر بھی متحرک رہنا چاہیے۔

اس تحقیق کے نتائج برٹش میڈیکل جرنل پبلک ہیلتھ میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :