Time 07 ستمبر ، 2024
پاکستان

چھوٹی سی اشرافیہ نے اربوں کے ریفرنس معاف کرا لیے، عمران خان کا نیب ترامیم بحالی پرتبصرہ

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے قومی احتساب بیورو (نیب) ترامیم بحالی پر کہا کہ چھوٹی سی اشرافیہ نے اپنے اربوں کے ریفرنس معاف کرا لیے ہیں۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھاکہ مجھے ضمانت دی گئی ہے 8 ستمبر کے جلسے میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے نیب کے افسر کو دھمکی نہیں دی، یہ ضرور کہا ہے کہ سب پر کیس کروں گا، نیب نے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کے ہار کی قیمت سوا 3 ارب روپے لگائی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ چھوٹی سی اشرافیہ نے اپنے اربوں کے ریفرنس معاف کرا لیے ہیں، نیب کو سپریم جوڈیشل کونسل کے نیچے لا کر آزاد اور خود مختار ادارہ بنایا جائے، کسی کو اس میں شک نہیں ہے جنرل مشرف کے دور میں غلط کیس بنے ہیں۔

ن لیگ کے ساتھ بات نہ کرنے پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ن لیگ نے الیکشن میں ڈاکا مارا ان سے کیسے بات کریں؟

خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے نیب ترامیم پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا سہارا لے کر 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے رعایت مانگ لی اور اپنی بریت کی درخواست دائر کردی۔

نیب ترامیم کو خود بانی پی ٹی آئی نے خلافِ آئین قرار دے کر سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور سپریم کورٹ سے کیس ہار کر اب اسی فیصلے کو بنیاد بنا کر انہوں نے احتساب عدالت سے بریت مانگ لی ہے۔

احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواستِ بریت پر سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کردی، آج بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :