Time 07 ستمبر ، 2024
پاکستان

مولانا کی ہمیں ضرورت نہیں، بھائی سینیٹر بنے گا یا انکا داماد یا سمدھی گورنر بنے گا: بیرسٹر سیف

مولانا کی ہمیں ضرورت نہیں، بھائی سینیٹر بنے گا یا انکا داماد یا سمدھی گورنر بنے گا: بیرسٹر سیف
تاریخی لحاظ سے دیکھا جائے تو فضل الرحمان کسی کے ساتھ نہیں اپنے ساتھ ہوتے ہیں، وہ وہیں کھڑے ہوں گے جہاں اپنا فائدہ نظر آتا ہوگا: ترجمان کے پی حکومت— فوٹو:فائل

خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ہمیں نہ کل ضرورت تھی نہ آج ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھاکہ تاریخی لحاظ سے دیکھا جائے تو مولانا فضل الرحمان کسی کے ساتھ نہیں اپنے ساتھ ہوتے ہیں، وہ وہیں کھڑے ہوں گے جہاں اپنا فائدہ نظر آتا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اگراپنی سوچ بدل چکے اور مفاد حکومت کے ساتھ ہونے میں نظرآرہا ہے تو انہیں مبارک، ان کی تحریک اس حد تک ہے خیبرپختونخوا سے تو خاتمہ ہوچکا ہے، کے پی میں مولانافضل الرحمان کی اتنی سیٹیں ہیں کہ ساری اپوزیشن کو ملا کر بھی اسمبلی اجلاس نہیں بلاسکتے۔

ان کا کہنا تھاکہ مولانا کو کے پی کی گورنری اور سینیٹ کی دو سیٹوں پر نظر ہے تو شہباز شریف اور زرداری دے دیں گے، انہوں نے مؤقف اس لیے تبدیل کیا کہ ذاتی مفاد نظر آرہا ہے، مولانا فضل الرحمان اپنے خاندان سے باہر سیاست کو دیکھتے ہی نہیں۔

بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان کا بھائی سینیٹر بنے گا یا ان کا داماد یا سمدھی گورنر بنے گا۔

ترجمان پختونخوا حکومت نے کہا کہ مولانا کی ہمیں نہ کل ضرورت تھی نہ آج ہے، الیکشن کمیشن پر اور 8 فروری الیکشن پر مولانا کے اعتراض پر ہم ساتھ تھے، انہوں نے اب اس نظام کو ہی قبول کرلیا ہے۔

مزید خبریں :